شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن میں مودی ۔ جن پنگ ملاقات متوقع

   

Ferty9 Clinic

امریکہ سے تجارتی تعلقات اور اس کے تحفظ کیلئے بات چیت اہم ترین موضوع، چین کے نائب وزیرخارجہ کی پریس کانفرنس

بیجنگ ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج وزیراعظم ہند نریندرمودی اور صدر چین ژی جن پنگ کو ’’اچھے دوست‘‘ قرار دیتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ دونوں قائدین جاریہ ہفتہ بشکیک میں منعقد شدنی ایس سی او چوٹی کانفرنس کے موقع پر ایک ’’اہم ملاقات‘‘ کے دوران امریکہ کے ساتھ ان کے (ہند ۔ چین) تجارتی تعلقات اور اس کے تحفظ کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ یاد رہیکہ جاریہ سال شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (SCO) کا انعقاد کرغستان کے دارالحکومت بشکیک میں 13 اور 14 جون کو ہوگا جہاں مودی اور جن پنگ کی ملاقات ہوگی اور دونوں قائدین دورخی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کریں گے۔ اس ملاقات کو اہمیت کا حامل اس لئے سمجھا جارہا ہے کیونکہ مودی کی بی جے پی پارٹی کی حالیہ انتخابات میں زبردست کامیابی اور مودی کے دوسری میعاد کیلئے وزیراعظم بننے کے بعد دونوں قائدین کی یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ مودی کی زبردست کامیابی پر جس وقت عالمی قائدین انہیں مبارکباد دے رہے تھے، اسی وقت جن پنگ نے انہیں مکتوب تحریر کرتے ہوئے مبارکباد دی تھی۔ دریں اثناء کے نائب وزیرخارجہ ژانگ ہن بوئی نے ایک پریس بریفنگ کے دوران مودی اور جن پنگ کی ہونے والی ملاقات کے موضوع پر اخباری نمائندوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعظم مودی کو ایک بار پھر مبارکباد دیتے ہیں۔ دونوں قائدین اچھے دوست ہیں۔ گذشتہ سال ووہان (چین) میں دونوں قائدین کی ملاقات کامیاب رہی تھی اور انہوں نے طویل وقت گزارا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ ڈوکلام تنازعہ نے ہندوستان اور چین کے تعلقات میں تلخی پیدا کردی تھی۔ 2017ء میں 73 طویل دنوں تک چلنے والے اس تنازعہ سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ کا خطرہ بھی پیدا ہوگیا تھا کیونکہ چینی افواج ایک ایسے مقام پر سڑک تعمیر کرنے کوشاں تھی جو ہندوستانی سرحد سے قریب ہے جس پر بھوٹان بھی عرصہ دراز سے دعویٰ کرتا آرہا ہے۔ ڈوکلام تنازعہ ٹل جانے کے بعد دونوں ممالک نے متعدد شعبوں میں اپنے تعلقات میں بہتری پیدا کرنے کی جانب توجہ دی جس میں خصوصی طور پر دفاعی تعلقات کو ترجیح دی گئی۔ اب تک مودی اور جن پنگ کے درمیان جتنی بھی دورخی ملاقاتیں ہوئی ہیں وہ ہمیشہ کامیاب رہی ہیں۔