شولاپور- حیدرآباد ہائی وے پر حادثہ، چار مسافر ہلاک

   

Ferty9 Clinic

عثمان آباد ، 21 اکتوبر (یو این آئی) منگل کی صبح مہاراشٹر کے ضلع عثمان آباد میں پیش آنے والے ایک خوفناک حادثے میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے ۔ یہ سانحہ امرگا تحصیل کے قریب ڈالمب گاؤں میں شولاپور-حیدرآباد ہائی وے پر اس وقت پیش آیا جب دو تیز رفتار لگژری کاریں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔
تصادم کی شدت اتنی زبردست تھی کہ دونوں کاریں بری طرح تباہ ہو گئیں۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں افراد عثمان آباد ضلع سے بیدر کے کھسم پور گاؤں کی جانب جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والی ایک کار اچانک ان کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے فوراً بعد موقع پر ہی چاروں مسافروں نے دم توڑ دیا، جبکہ دوسری کار میں سوار دو افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر سولاپور سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی عثمان آباد پولیس اسٹیشن کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور امدادی کارروائی شروع کر دی۔ پولیس نے چاروں لاشوں کو برآمد کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں مرنے اور زخمی ہونے والوں کی شناخت فی الحال نہیں ہو سکی ہے ۔ سڑک پر ٹکر کے بعد گاڑیوں کے پرخچے اڑ گئے تھے جس سے شناخت میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔ پولیس نے واقعے کی تفصیلی جانچ شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے ۔ شبہ ہے کہ حد سے زیادہ رفتار اور اوورٹیکنگ اس حادثے کا سبب بنی۔