شولاپور میں اسلحہ سے لدی گاڑی روکنے والی پولیس ٹیم پر حملہ، جوابی کارروائی ایک ہلاک

   

ممبئی ۔ /10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ضلع شولاپور میں آج صبح کی اولین ساعتوں کے دوران ایک شخص پولیس کی جوابی فائرنگ میں ہلاک ہوگیا جب وہ اور اس کے ساتھی نے انہیں اسلحہ سے لدی گاڑی روکنے والے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی ۔ اس گاڑی میں سوار افراد کی فائرنگ میں تین ملازمین پولیس زخمی ہوگئے تھے ۔ شولاپور تعلقہ پولیس اسٹیشن کے انچارج وجئے پاٹل اور دیگر ملازمین پولیس رات کی پٹرولنگ ڈیوٹی پر تھے اس دوران انہوں نے ایک گاڑی کو روک دیا تھا ۔ اس گاڑی میں چار تا پانچ افراد سوار تھے ۔ یہ واقعہ اولیگاؤں علاقہ میں رات 3.30 بجے اور 4.00 بجے کے درمیان پیش آیا ۔ پولیس کو اس گاڑی سے اشتعال انگیز مواد اور اسلحہ دستیاب ہوتے ہیں ۔ جب ان سے اس ضمن میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے پولیس پر سنگباری کی اور زدوکوب کیا تھا ۔ ہاتھا پائی کے درمیان ایک پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں موٹر میں سوار ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ اس حملے میں زخمی ہونے والے تین ملازمین پولیس کو ابتدائی طبی امداد پہونچائی گئی ۔ اب ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔
اس واقعہ کے بعد سارے علاقہ میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔