شولاپور ، 18 جنوری (یو این آئی) مہاراشٹرا کے شولاپور ضلع میں کل رات خوفناک سڑک حادثہ میں پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ یہ حادثہ پونے۔ شولاپور شاہراہ پر موہول کے قریب دیودھی پاٹی علاقہ میں رات تقریباً ایک بجے پیش آیا، جب ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے درخت سے ٹکرائی۔
پولیس کے مطابق، حادثے کے وقت کار پنویل سے اکل کوٹ کی جانب ایک مذہبی سفر پر جا رہی تھی۔ ابتدائی جانچ میں بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے باعث گاڑی سڑک سے اتر گئی اور زور دار ٹکر درخت سے ہو گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار میں سوار پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
حادثے میں ایک خاتون گاڑی کے اندر پھنس گئی تھیں اور شدید زخمی حالت میں پائی گئیں۔ اطلاع ملتے ہی موہول پولیس اسٹیشن کی ٹیم موقع پر پہنچی، ریسکیو کارروائی انجام دی اور لاشوں کو گاڑی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کیا۔ زخمی خاتون جیوَتی جے داس تاکلے کو فوری طور پر موہول دیہی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ۔
