سری نگر 7جون (سیاست ڈاٹ کام ) جموں کشمیر میں فوجی اہلکاروں کی طرف سے خود کشی کرنے کے رجحان میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے ۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے کیلر علاقے میں جمعہ کے روز ایک پیرا کمانڈو نے مبینہ طور اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں ضلع کے مچھپور کیلر میں تعینات 23 پیرا رجمنٹ کے ایک کمانڈو نے جمعہ کی صبح قریب ساڑھے دس بجے دوران ڈیوٹی مبینہ طور اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کی۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ رونما ہوتے ہی ان کے ساتھی مذکورہ پیرا کمانڈو کی طرف دوڑے اور ان کو خون میں غلطاں دیکھا۔پیرا کمانڈو کو نازک حالت میں نزدیکی فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ مہلوک فوجی کی شناخت پیرا کمانڈو کرم جیت سنگھ کے بطور ہوئی ہے ۔