شوپیان میں چھاپوں کے دوران 7نوجوان گرفتار

   

سری نگر25مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں اتوار کی رات دیر گئے چھاپوں کے دوران کم سے کم 7 نوجوانوں کو حراست میں لیا۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے ارہامہ گاؤں میں اتوار کی رات کو چھاپہ مار کر کم و بیش سات نوجوانوں کو حراست میں لیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ افراد پولیس اسٹیشن شوپیاں میں زیر حراست ہیں اور ان سے ملی ٹنسی سے وابستہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے بارے میں پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔گرفتار شدہ نوجوانوں کی شناخت اشفاق یتو ولد احسان یتو، معراج الدین میر ولد قادر میر، ارشد لون ولد جبار لون، شیبر کلے ولد رشید کلے ، غلام نبی میر ولد غلام قادر میر،عرفان یتو ولد عبدالرشید یتو اور فیاض احمد میر ولد احسان میر کے بطور ہوئی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ارہامہ گاؤں میں مقامی جنگجو یاسر احمد شاہ کے جلوس جنازہ میں ہفتہ کے روز جنگجوؤں کا ایک گروپ نمودار ہوا تھا اور انہوں نے مہلوک یاسر شاہ کو گولیوں کی سلامی پیش کی تھی۔یاسر شاہ گڈا پورہ میں 22مارچ کو اپنے ایک ساتھی کے سمیت سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران جان بحق ہوا تھا۔