شوپیان : پولیس کیساتھ تصادم میں 2 عسکریت پسند ہلاک

   

سرینگر۔13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع شوپیان میں سکیورٹی افواج کے ساتھ مدبھیڑ میں ہفتہ کے دن جیش کے دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ ترجمان پولیس کے بیان کے بموجب مہلوک عسکریت پسند کی شناخت باولپور کے عابد واگے اور امشی پورہ کے شاہجہاں میر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ شوپیان ضلع کے گاہنڈ علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات کی اساس پر صیانتی افواج نے اس علاقہ کا محاصرہ کرکے خانہ تلاشیوں کی کارروائی شروع کی۔ ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران جنگجوؤں نے صیانتی افواج پر فائرنگ شروع کردی اور صیانتی افواج کی جوابی فائرنگ میں دونوں عسکریت پسند مارے گئے۔ یہ عسکریت پسند دہشت گردانہ جرائم جن میں سکیورٹی افواج پر حملے اور عام شہریوں پر زیادتیوں کیلئے مطلوب تھے، یہ لوگ گزشتہ سال لوگوں کو اغوا کرنے کے بعد انہیں قتل کرنے کے جرم میں بھی ملوث تھے۔ انہوں نے رتگنڈ کے فردوس احمد ، کرپان کے نثار احمد اور کانسٹیبل بلونت سنگھ کا بھی اغوا کیا تھا اور انہیں بعد میں قتل کردیا تھا۔ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کئی برسوں سے مسلسل جاری ہے۔