نوجوانوں کی نعشیں قبر سے نکال کر ورثا کے حوالے
سری نگر:شوپیاں مبینہ فرضی تصادم میں مارے جانے والے راجوری کے تین نوجوانوں کی نعشوں جنہیں گانٹہ مولہ بارہمولہ میں واقع غیر ملکی جنگجووں کیلئے مخصوص قبرستان میں دفنایا گیا تھا، کو زائد از 70روز بعد ہفتے کی صبح قبروں سے نکال کر ورثا کے حوالے کیا گیا۔سرکاری ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ گانٹہ مولہ بارہمولہ کے ایک قبرستان میں دفن کی جانے والی راجوری کے تین نوجوانوں کی نعشوں کو قبروں سے نکال کر لواحقین کے حوالے کیا گیا ہے ۔دریں اثنا مہلوکین میں ابرار احمد نامی 25 سالہ نوجوان کے والد محمد یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے نوجوانوں کی نعشیں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم تین متاثرہ گھرانوں کے تین افراد نعشوں کو لینے کے لئے آئے ہیں، ہمارے ساتھ راجوری کے معروف سماجی کارکن گفتار احمد بھی ہیں اور نعشوں کو ہمارے حوالے کیا گیا ہے ‘۔