شوپیاں میں تصادم، ایک جنگجو ہلاک

   

سرینگر۔ 5 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے نارونی علاقے میں جمعہ کی صبح جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو ہلاک ہوا۔ذرائع کے مطابق شوپیاں کے نارونی علاقے میں جمعہ کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان ہوئی تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو ہلاک ہوا جس کی لاش ایک باغ سے بر آمد کی گئی۔مہلوک جنگجو کی شناخت سمیر احمد ساکنہ سوگن شوپیاں کے بطور ہوئی ہے جو حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ تھا۔قبل ازیں بمطابق پولیس ذرائع جنگجوئوں کے چھپے ہونے کی ثقہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں کشمیر پولیس کی سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف کی ایک ٹیم نے نارونی علاقے کے باغات کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ دوران آپریشن وہاں چھپے جنگجوئوں نے سیکوررٹی فورسز کی تلاشی ٹیم پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان معرکہ آرائی چھڑ گئی۔دریں اثنا جموں کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے نارونی علاقے میں جمعہ کی صبح سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے ۔ انہوں نے مہلوک کی شناخت سمیر احمد ساکن شوپیاں کے بطور کی۔