حیدرآباد ۔ 12نومبر ( سیاست نیوز) پرانا شہر کے علاقہ رین بازار میں ایک خاتون نے شوہر سے خلع لینے کے بعد خودکشی کرلی ۔ پولیس رین بازار کے مطابق 25سالہ حبیبہ فاطمہ 9 نومبر کے دن نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور دواخانہ میں علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ حبیبہ فاطمہ نے چند ماہ قبل عمران سے دوسری شادی کی تھی ۔ پہلے شوہر سے طلاق کے بعد خاتون نے دوسری شادی کی تھی اور اس شوہر سے بھی ناخوش تھی ۔ یہ خاتون اس کی والدہ کے پاس یاقوت پورہ علاقہ میں رہتی تھی ۔ حبیبہ ، عمران کی دوسری بیوی تھی ۔ عمران حبیبہ سے شادی کرنے سے قبل شادی شدہ تھا اور اس خاتون نے سال 2019 ہی میں عمران سے نکاح کیا تھا اور چند روز قبل اس نے اس سے خلع بھی لے لیا جس کے بعد خاتون شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئی تھی ۔ 8نومبر کے دن اس خاتون نے والدہ سے رقم لی اور باہر چلی گئی اور 9 نومبر کے دن اس نے والدہ کو فون پر اطلاع دی کہ اس نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا ۔ اس کی اطلاع کے بعد حبیبہ فاطمہ کی والدہ فوری طور پر مرتضیٰ نگر علاقہ پہنچی اور اپنی بیٹی کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران یہ خاتون کل رات فوت ہوگئی ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ شاید خاتون کو عمران کی پہلی شادی کے تعلق سے اطلاع نہیں تھی ، جس کا علم ہونے کے بعد اس نے انتہائی اقدام کرلیا یا پھر دونوں میاں بیوی میں جھگڑا ہوگیا تھا جس کے سبب خاتون نے اپنی جان دینے کو عافیت سمجھا ۔ تاہم رین بازار پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ہر زاویہ سے اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔