شوہر سے ملاقات نہ ہونے پر دلبرداشتہ خاتون کی خودکشی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) شوہر سے ملاقات نہ ہونے اور کام میں مصروفیت سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ صنعت نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق21 سالہ سورابھی نامی خاتون نے کل رات خودکشی کرلی۔ سورابھی فتح نگر علاقہ کے ساکن کرن سنگھ کی بیوی تھی اس کا تعلق ریاست اتر پردیش سے بتایا گیا ہے ۔ کرن سنگھ حالیہ دنوں اپنے افراد خاندان کے ہمراہ حیدرآباد منتقل ہوگیا تھا اور فتح نگر کے علاقہ میں رہتے تھے۔ اس کے مکان میں والدہ کے علاوہ بھائی، بہن اور بہنوئی و دیگر افراد خاندان رہتے تھے اور مکان میں رات میاں بیوی کو گذارنے کا موقع نہیں ملتا تھا۔ سورابھی اور کرن سنگھ کی شادی 8 ماہ قبل ہوئی تھی ۔ شوہر کے ساتھ رات گذارنے میں افراد خاندان کی موجودگی رکاوٹ تھی چونکہ ان کا مکان چھوٹا تھا۔ کرن سنگھ پیشہ سے پانی پوری فروخت کرتا تھا۔ کل اس کے مکان میں افراد خاندان کسی کام سے باہر گئے تھے اور اس دوران سورابھی نے شوہر کو گھر آنے کیلئے فون کیا تاہم کام کی مصروفیت کے سبب وہ مکان نہیں پہنچا۔ جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس خاتون نے خودکشی کرلی۔ پولیس صنعت نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔