ملزمین کی عدالتی تحویل ، ڈی سی پی بالانگر شریمتی پدمجا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /26 اگست ( سیاست نیوز ) ناجائز تعلقات میں روکاوٹ بن رہے شوہر کو راستہ سے ہٹانے کیلئے اس کا قتل کروانے والی خاتون اور قاتل آشنا کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس بالانگر محترمہ پدمجا نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 34 سالہ ڈی شیوا اور 35 سالہ سری دیوی کو گرفتار کرلیا ۔ شیوا کا تعلق ریاست اڑیسہ سے ہے جو گذشتہ 18 سال قبل شہر کے نواحی علاقہ شاہ میر پیٹ منتقل ہوا تھا اور پیشہ سے میستری ہے ۔ اپنی بیوی بچوں کے ساتھ زندگی بسر کر رہا تھا ۔ اس دوران ریاست آندھراپردیش کے سریکاکلم سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا این راما راؤ اور اس کی بیوی این سری دیوی شاہ میرپیٹ کے علاقہ میں منتقل ہوئے اور زندگی بسر کرنے لگے ۔ راما راؤ بھی پیشہ سے میستری تھا ۔ ایک دن شیوا ، راما راؤ کے ہمراہ اس کے مکان واقع بٹس کالونی پہونچا اس دوران اس کی بیوی سے اس کی پہچان ہوئی اور دونوں میں بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا اور دوستی آہستہ آہستہ ناجائز تعلقات کا رخ اختیار کرگئی ۔ سری دیوی اس کے شوہر کے پیٹھ پیچھے شیوا سے ملاقات کرنے لگی ۔ دونوں سیر و تفریح بھی کرتے تھے اور شاپنگ و سنیما بینی بھی چل رہی تھی ۔ دونوں کے ناجائز تعلقات کی بھنک راما راؤ کو ہوئی اور اس نے اپنی بیوی کو پابند کردیا اور شدید برہمی کا اظہار کرنے کے بعد بیوی کو شیوا سے بات چیت کے خلاف سنگین نتائج کا انتباہ دیا ۔ خاتون بھی پیشہ سے مزدوری کرتی تھی ۔ شوہر کی دھمکی کے بعد خاتون نے شوہر کے قتل کی سازش تیار کی اور اپنے آشنا سے اس کا تذکرہ کیا ۔ ناجائز تعلقات میں اہم رکاوٹ بن رہے شوہر کے قتل کو انجام دینے کیلئے خاتون 5 ہزار روپئے کی رقم آشنا کے حوالے کیا ۔ اور شوہر کے قتل کے بعد کسی اور علاقہ میں منتقل ہوکر پرسکون زندگی بسر کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ۔ 16 اگست کو منصوبہ کے مطابق راما راؤ نے شیوا کو شراب نوشی کی پیشکش کی اور شاہ میرپیٹ حدود میں سنسان علاقہ لے جاکر شراب کی بوتل سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا اور فرار اختیار کرلیا ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔