شوہر کا قتل کرنے والی بیوی بھی پنشن کی حقدار: ہائیکورٹ

   

چنڈی گڑھ: پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے خاندانی پنشن سے متعلق ایک دلچسپ فیصلہ سنایا ہے۔ فیصلہ کے مطابق اگر بیوی اپنے شوہر کا قتل بھی کر دیتی ہے، تو بھی وہ خاندانی پنشن حاصل کرنے کی حقدار ہے۔ بلجیت کور بمقابلہ ریاست ہریانہ کیس میں ہائی کورٹ نے 25 جنوری کو فیصلہ سناتے ہوئے کہا، ’سنہری انڈا دینے والی مرغی کو کوئی ذبح نہیں کرتا۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ بیوی کو کسی بھی صورت میں خاندانی پنشن سے محروم نہیں کیا جا سکتا، اگر بیوی نے شوہر کو قتل کیا ہو تب بھی ایسا نہیں کیا جا سکتا۔ فیملی پنشن ایک ویلفیئر اسکیم ہے جو سرکاری ملازم کی موت ہونے کی صورت میں اس کے خاندان کو مالی امداد مہیا کرتی ہے۔ بیوی اگر فوجداری مقدمہ میں قصوروار پائی جاتی ہے تو بھی وہ فیملی پنشن کی حقدار ہے۔بلجیت کور کی عرضی پر ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ سنایا۔ انبالہ کی رہائشی بلجیت کور نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ ہریانہ حکومت کے ملازم ترسیم سنگھ کی 2008 میں موت ہوئی تھی اور 2009 میں اس کا نام قتل کے کیس میں درج کر لیا گیا اور 2011 میں اسے مجرم قرار دیا گیا۔ بلجیت کور 2011 تک فیملی پنشن حاصل کرتی رہی لیکن قصور وار ٹھہرائے جانے کے بعد حکومت ہریانہ نے پینشن جاری کرنے پر روک لگا دی۔پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے ہریانہ حکومت کے اس فیصلہ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو تمام بقایہ جات کے ساتھ عرضی گزار کو دو مہینے کے اندر پینشن ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔