شوہر کوقتل کرکے بیوی دو دن تک لاش کے قریب رہی

   

الور ، 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں ضلع الور کے بھیواڑی تھانہ علاقے میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کا قتل کردیا اور راز کو چھپانے کے لئے دو دن تک لاش کے قریب سوتی رہی۔ پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ قتل کا راز صبح کے وقت کھلا جب گھر کے عقب میں ہی کھیت میں سے لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق ، دو دن قبل کھجوریواس کا رہائشی کلدیپ یادو (24) کے لاپتہ ہونے کی ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کی تفتیش کے دوران مقتول کے گھر کے پیچھے کھیت کا معائنہ کیا تو بستروں میں لپٹی کلدیپ کی آدھی جلی ہوئی لاش ملی۔ پولیس کو اس کی بیوی نشا یادو پر شک ہوا تو اس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی تفتیش پر معلوم ہوا کہ نشا نے تین روز قبل کلدیپ کو قتل کیا تھا۔