جئے پور : یوٹیوب کے ایک صحافی نے خاتون کے شوہر کو ایم ایل اے یا ایم پی کا ٹکٹ دلانے کے نام پر ایک خاتون کی عصمت دری کی۔ اس سلسلے میں کھٹولی پولس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے، اس میں اجتماعی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خاتون نے بتایا ہے کہ اس کے ساتھ تین افراد نے زیادتی کی۔ صحافی مکیش گوسوامی نے خود کو بااثر لوگوں سے تعلق بتایا اور خاتون کے شوہر کو جو کہ بی جے پی لیڈر ہے، اسے بی جے پی سے ایم ایل اے یا ایم پی کا ٹکٹ دلانے کا لالچ دیا۔یہ معاملہ 14 اگست کا بتایا جا رہا ہے۔ واقعہ کے وقت متاثرہ کا شوہر یوم آزادی کی ترنگا ریلی کیلئے اٹاوہ گیا ہوا تھا، اس دوران تین افراد گھر میں گھس گئے۔ ان لوگوں نے خاتون سے کہا کہ ہم آپ کے شوہر کو ایم پی اور ایم ایل اے کا ٹکٹ دیں گے۔ اس کے بعد وہ اس سے زبردستی کرنے لگے۔ خاتون نے احتجاج کیا تو منہ میں کپڑا بھر کر تین افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا، شوہر گھر آیا تو خاتون نے اسے ساری بات بتا دی۔