شوہر کی ظلم کا شکار بیوی کی موت

   

حیدرآباد /4 ستمبر ( سیاست نیوز ) شادی کی سالگرہ تقریب کیلئے مائیکے سے رقم نہ لانے پر شوہر کی زدوکوبی کا شکار خاتون فوت ہوگئی ۔ الوال پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 20 سالہ منیشا فوت ہوگئی ۔ جو گذشتہ روز اس کے شوہر نرسمہا کی شدید زدوکوبی کا شکار ہوئی تھی ۔ الوال پولیس کے مطابق منیشا منگاپورم الوال علاقہ کے ساکن نرسمہا کی بیوی تھی ۔ ان کی شادی کو ایک سال کا عرصہ بھی مکمل نہیں ہوا تھا اور آئندہ دنوں ان کی شادی کی پہلی سالگرہ تھی ۔ شادی کے وقت منیشا کے ولد نے 12 تولہ طلائی زیور اور 2 لاکھ روپئے نقد رقم اور دیگر ضروری ساز و سامان دیا تھا ۔ تاہم شادی کے چند روز بعد ہی سے اس خاتون کو لالچی شوہر ہراساں و پریشان کر رہا تھا اور شادی کی پہلی سالگرہ کیلئے رقم مائیکے سے لانے کی ضد کرتے ہوئے اس نے تو حدکردی اور اپنی بیوی کو جانوروں جیسے مارپیٹ کا نشانہ بنایا جس سے وہ بے ہوش ہوگئی اور اس خاتون کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔