شوہر کے خلاف الزامات ثابت کرنے ڈی اروند کو 24 گھنٹے کی مہلت : کویتا

   

بی آر ایس کسی بھی محاذ کا حصہ نہیں، مخالف سونیا گاندھی شخص کو پردیش کانگریس کی صدارت
حیدرآباد ۔21۔ جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن کونسل کویتا نے نظام آباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کو 24 گھنٹے کی مہلت دی ہے تاکہ وہ بدعنوانیوں کے الزامات کا ثبوت پیش کریں۔ کویتا نے کہا کہ اگر 24 گھنٹے میں ان کے خلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہیں تو ڈی اروند کو نظام آباد کے پھولانگ چوراہے پر ناک رگڑ کر معافی مانگنی چاہئے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے اروند کے الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے انہوں نے ضلع میں دو مرکزی ادارے قائم کئے تھے۔ ڈی اروند میرے کارناموں کا سہرا اپنے سر لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کویتا نے ان کے شوہر کے خلاف ڈی اروند کی الزام تراشی کی مذمت کی اورکہا کہ میرے شوہر کے خلاف غیر ضروری الزام عائد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ سیاسی معاملات میں شوہر کو گھسیٹنے کی کیا ضرورت ہے جبکہ عملی سیاست سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ میں ، میرے والد اور بھائی سیاست میں ہیں اور ہم الزامات کو برداشت کرسکتے ہیں لیکن میرے شوہر پر الزامات عائد کرنا ناقابل برداشت ہے۔ کویتا نے کہا کہ نظام آباد ضلع کیلئے مرکز کی جانب سے حاصل کردہ فنڈس اور پراجکٹس کی تفصیلات عوام میں پیش کریں۔ کویتا نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی مقامی قائدین کی جانب سے تحریر کردہ تقریر پڑھنے کے عادی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دراصل عوامی محاذ ہے اور اس کا این ڈی اے اور انڈیا سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ریونت ریڈی نے سابق میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی اور سونیا گاندھی کے خلاف ریمارکس کئے تھے باوجود اس کے کہ انہیں پردیش کانگریس کا صدر مقرر کیا گیا ۔ ر

انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کو الیکشن سے دلچسپی ہے جبکہ بی آر ایس عوام کے درمیان رہ کر مسائل کا حل تلاش کر رہی ہے۔ کویتا نے نظام آباد میں جاب میلہ کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ 29 جولائی کو نظام آباد میں آئی ٹی ہب کا افتتاح کریں گے۔ر