کولکتہ: مغربی بنگال میں حزب اختلاف کے لیڈر شوینڈو ادھیکاری نے منگل کو حکمراں ترنمول کانگریس کے کارکنوں پر بی جے پی اور دیگر اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے ایجنٹوں اور امیدواروں کو گنتی کے مقام میں داخل ہونے سے روکنے کا الزام لگایا۔ریاست میں آٹھ جولائی کو ہونے والے تین سطحی پنچایتی انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی منگل کی صبح آٹھ بجے شروع ہوگئی۔ ریاست بھر میں 338 مراکز پر ووٹوں کی گنتی ہو رہی ہے ۔ ادھیکاری نے ٹویٹر پر کہا کہ ‘‘ڈائمنڈ ہاربر ماڈل’’ گنتی کے دن بھی پورے زوروں پر ہے ۔ ترنمول کانگریس کے غنڈے بی جے پی اور دیگر اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے کاؤنٹنگ ایجنٹوں اور امیدواروں کوکاؤنٹنگ ہال میں داخل ہونے سے روک کر پولنگ کے بعد کی گنتی میں ہیرا پھیری کرنے کی آخری کوشش کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ڈائمنڈ ہاربر ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور پارٹی سربراہ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کا لوک سبھا حلقہ ہے ۔ ادھیکاری نے کہا کہ مخالف کاؤنٹنگ ایجنٹوں اور امیدواروں کو ایک سے دو کلومیٹر کی دوری پرہی گنتی مرکز کی طرف جانے سے روکا جا رہا ہے ۔ کاؤنٹنگ ایجنٹوں کو ڈرانے کیلئے ان پر بم پھینکے جا رہے ہیں۔ انہیں بے رحمی سے مارا پیٹا جا رہا ہے ، یہاں تک کہ ان کو اغوا بھی کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گنتی کے ایجنٹ اور امیدوار ڈائمنڈ ہاربر کے فقیر چند کالج، کیش پور کالج، گلسی، کٹوا، امتا، بگنان، باربانی، کرناہار اور دیگر کئی مقامات پر گنتی کے مراکز میں داخل نہیں ہوسکے ہیں۔
انہوں نے ریاستی الیکشن کمیشن سے گنتی کے عمل کو روکے اور اس بات کو یقینی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن کے تمام گنتی ایجنٹ اور امیدوار بغیر کسی رکاوٹ کے گنتی مراکز تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ایجنٹ اور امیدوار گنتی کے مقام پر پہنچیں، تبھی گنتی کا عمل اسی وقت شروع ہونا چاہیے ۔