نئی دہلی : ہندوستانی شٹلر پرمود بھگت نے آج ٹوکیو پیرالمپکس میں کمال کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیڈمنٹن سنگلز ایس ایل 3 کا گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ اس طرح ہندوستان کو ان کھیلوں میں چوتھا گولڈ میڈل ملا۔ اوڈیشہ کے 33 سالہ بھگت نے پیرالمپک کھیلوں کے بیڈمنٹن سنگلز میں ہندوستان کو اب تک کا پہلا گولڈ میڈل دلایا اور تاریخ رقم کی۔ وہ اولمپکس یا پیرا لمپکس میں بیڈمنٹن گولڈ جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اسی ایونٹ میں ہندوستان کے ہی منوج سرکار نے برانز میڈل حاصل کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹوکیو پیرالمپکس میں ہندوستان کے میڈلس کی تعداد 17 ہوگئی ہے جو اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔ دنیا کے نمبر ایک پیرا شٹلر پرمود بھگت نے فائنل میں برطانیہ کے ڈینین بیتھیل کو راست گیموں میں 21-14 ، 21-17 سے شکست دی۔ انہوں نے اس سے پہلے صرف 36 منٹ تک چلے سیمی فائنل میں جاپان کے ڈائسوکو کیخلاف جیت حاصل کی تھی۔ وہیں منوج سرکار نے برانز میڈل میچ میں جاپان کے ڈائسوکو کو سیدھے گیموں میں شکست دی۔ 33 سالہ بھگت نے پہلے گیم میں سبقت حاصل کرتے ہوئے 21-14 سے جیت درج کرائی۔ اس کے بعد دوسرے گیم میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ بیتھیل نے دیکھتے ہی دیکھتے 5-1 سے سبقت حاصل کرلی تھی ، جس کو پرمود نے11-5 کردیا۔ اس کے بعد بھگت نے مسلسل چھ پوائنٹس لیتے ہوئے اسکور 12-11کیا۔ بعد میں بھگت نے کمال کا کھیل دکھاتے ہوئے اسکور 15-15 سے برابر کیا اور پھر سبقت کو 19-17کردیا۔ پھر مسلسل دو پوائنٹس لیتے ہوئے 21-17 سے دوسرا گیم جیت کر گولڈ میڈل میچ اپنے نام کرلیا۔