واشنگٹن۔ 8 نومبر (یو این آئی) امریکی تاریخ میں سب سے طویل وفاقی حکومت کے شٹ ڈاؤن کے دوران فضائی ٹریفک کنٹرول اہلکاروں کی کمی اور فضائی آمدورفت میں رکاوٹ کے باعث جمعہ کو امریکہ میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ امریکی پروازوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ ایویئر کے مطابق، جمعہ کی شام 5 بجے تک 4,309 پروازیں تاخیر کا شکار تھیں جبکہ 1,002 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ وفاقی حکومت جمعہ سے ملک کے 40 مقامات پر فضائی آمدورفت میں کمی کرے گی۔ ایف اے اے کے طے کردہ منصوبہ کے مطابق جمعہ کو پروازوں میں چار فیصد کمی کی تیاری تھی، جو اگلے منگل تک 6 فیصد، جمعرات تک 8 فیصد اور جمعہ تک 10 فیصد تک بڑھائی جائے گی۔ایف اے اے کے منتظم برائن بیڈفورڈ نے اس ہفتہ کے آغاز میں کہا کہ طے شدہ گنجائش میں دس فیصد کی کمی ہمارے فضائی ٹریفک کنٹرولرز پر دباؤ کم کرنے کیلئے مناسب اقدام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ عملے کی تعداد میں کمی جاری ہے ، اس لیے مخصوص علاقوں میں مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔ امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شین ڈفی نے جمعہ کو کہا کہ اگر سرکاری شٹ ڈاؤن طویل ہوا تو پروازوں میں کمی 20 فیصد تک پہنچ سکتی ہے ۔وفاقی حکومت کے شٹ ڈاؤن کے بعد سے تقریباً 13,000 فضائی ٹریفک کنٹرولرز اور 50,000 ہوائی اڈے کے سیکوریٹی اہلکاروں کو بغیر تنخواہ کے کام کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے ۔
ڈفی نے حال ہی میں بتایا کہ کچھ کنٹرولرز ہفتہ میں 6 دن اور روزانہ دس گھنٹے تک کام کر رہے ہیں۔