شٹ ڈاؤن امریکی تاریخ کا طویل ترین تعطل بن گیا

,

   

واشنگٹن 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈیموکریٹس کے ساتھ میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تجویز پر پیدا ہوئے تعطل کے نتیجہ میں امریکہ میں جاری جزوی سرکاری شٹ ڈاون امریکہ کی تاریخ کا سب سے طویل ترین شٹ ڈاون ہوگیا ہے اور وہ 22 ویں دن میں داخل ہوگیا ہے ۔ اس شٹ ڈاون کے نتیجہ میں تقریبا آٹھ لاکھ امریکی سرکاری ملازمین ابھی تک تنخواہ سے محروم ہیں۔ ڈیموکریٹس نے ٹرمپ کی جانب سے دیوار کی تعمیر کیلئے 5.7 بلین ڈالرس فراہم کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا گیا ہے اور اس کے نتیجہ میںسرکاری کام کاج مفلوج ہوکر رہ گیا ہے ۔ صدر ٹرمپ نے ہنوز اٹل موقف اختیار کیا ہوا ہے اور وہ اس تجویز کے علاوہ دوسرے محکمہ جات کے بجٹ پر دستخط کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ اس تعطل کے نتیجہ میں ایف بی آئی ایجنٹس ‘ ائر ٹریفک کنٹرولرس اور میوزیم اسٹاف وغیرہ کو تنخواہیں ابھی تک ادا نہیں کی جاسکی ہیں۔ امریکہ کی تاریخ میں یہ جزوی شٹ ڈاون امریکہ کی تاریخ کا سب سے طویل ترین شٹ ڈاون ہوگیا ہے ۔ 1995 – 96 میں صدر بل کلنٹن کے دور میں اسی طرح کا شٹ ڈاون 21دن تک چلا تھا ۔ جاریہ شٹ ڈاون 22 ویں دن میں داخل ہوگیا ہے ۔

ٹرمپ نے جمعہ کی شام اپنے موقف میں قدرے نرمی پیدا کی تھی اور انہوں نے کچھ دھمکی بھرے الفاظ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ وہ کانگریس کی منظوری کے بغیر بھی فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے تعطل ختم کرنے کے مسئلہ پر کسی جلد بازی سے انکار کردیا تھا اور کہا کہ وہ بہت جلدی میں ایسا کچھ نہیں کرنے والے ہیں۔ انہوں نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا بھی انتباہ دیا تھا اور کہا تھا کہ یہی وہ آسان راستہ ہے جس کے ذریعہ کانگریس کو 5.7 بلین ڈالرس کی رقم فراہم کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر کانگریس میں فنڈز فراہم نہیں کئے جائیں گے تو قومی ایمرجنسی کا اعلان کردینگے اور اس کا انہیں مکمل اختیار حاصل ہے ۔ اب تک ٹرمپ نے کئی مرتبہ ادعا کیا تھا کہ وہ اس مسئلہ پر کانگریس میں منظوری حاصل کرنے کے قریب پہونچ گئے ہیں۔ امریکہ میں یہ تعطل سیاسی انا کا بھی مسئلہ بن گیا ہے اور خاص طور پر ٹرمپ کیلئے یہ مسئلہ مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔ حالانکہ ڈیموکریٹس اور ریپبلیکن جماعتیں اس بات سے اتفاق کرتی ہیں کہ امریکہ ۔ میکسیکو سرحد کے علاقہ میں کئی چیلنجس ہیں لیکن ڈیموکریٹس اس بات کا تہئیہ کئے ہوئے ہیں کہ وہ کسی بھی قیمت پر یہ بجٹ منظور نہیں کرینگے ۔