شکاگو امریکہ میں عالمی مشاعرہ کا کامیاب انعقاد

   

شکاگو ۔/29 اکٹوبر، (فیاکس ) منیجنگ ڈائرکٹر’ اردو میگزین ‘ و صدر فاؤنڈر آف حیدرآباد فورم شکاگو جناب میر سعادت علی خاں کی اطلاع کے بموجب ’ اردو میگزین ‘ شکاگو، انجمن اردو ادب اور اوورسیز فاؤنڈر آف حیدرآباد فورم کے زیر اہتمام زرِ تعاون اردو میگزین ایک عالمی مشاعرہ کا اتوار 27 اکٹوبر کو 8 بجے شام شالیمار بنکویٹ ہال ریڈیسن میں کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس عالمی مشاعرہ کی صدارت اردو کے ممتاز شاعر، ادیب، محقق اور مبصر ڈاکٹر منیر الزماں منیر نے کی۔ مہمان اعزازی کی حیثیت سے ڈاکٹر افسر خان اور مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر توفیق انصاری احمد اور جناب سید حسینی نے شرکت کی۔ جناب عبدالرحمن سلیم نائب ایڈیٹر اردو میگزین نے انتہائی خوش اسلوبی سے مشاعرہ کی کارروائی چلاتے ہوئے برجستہ اشعار کے ذریعہ ہر شاعر کو دعوت کلام دی۔ صدر مشاعرہ کے علاوہ مہمان اور میزبان شعراء کے ساتھ ساتھ مہمان اعزازی اور مہمانان خصوصی کو گلدستے پیش کئے گئے۔ باذوق سامعین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جن کے لئے طعام کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔جناب ارشاد انصاری کی تلاوت کلام پاک سے مشاعرہ کا آغاز ہوا۔ مہمان شعراء محترمہ شبینہ ادیب اور جناب سردار اثر کے علاوہ میزبان شعراء جنہوں نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا اُن میں صدر مشاعرہ ڈاکٹر منیر الزماں منیر، مہمان خصوصی ڈاکٹر توفیق انصاری احمد اور ناظم مشاعرہ جناب عبدالرحمن سلیم کے علاوہ جناب غلام مصطفی انجم ، جناب حشمت سہیل، جناب نذر نقوی، جناب ساجد چودھری، جناب محبوب علی خاں، جناب حامد رشید، جناب واصف مولجی ، جناب ندیم شرفی، جناب راشد رحیم، ڈاکٹر افضال الرحمن افسر اور منظور شاہ خان کے علاوہ خاتون شاعرات میں محترمہ سیما عابدی قابل ذکر ہیں۔ شرکائے محفل کے بے حد اصرار پر مہمان شاعرہ محترمہ شبینہ ادیب نے اپنا منتخب کلام پیش کرکے محفل میں جہاں سماں باندھ دیا وہیں مہمان شاعر جناب سردار اثر نے اپنے مزاحیہ کلام سے محفل کو زعفران زار بنادیا۔ جناب میر سعادت علی خاں کے اظہار تشکر پر اس خوشگوار اور یادگار عالمی مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا۔