حیدرآباد۔ شکاگو امریکہ میںایک المناک سڑک حادثہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا نوجوان ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 24 سالہ محمد معز الدین ساکن ٹپہ چبوترہ تعلیم کے حصول کیلئے امریکہ گیا تھا اور ملازمت بھی کررہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ معز الدین اپنی کار سے اُتر کر کھڑا ہوا تھا کہ مخالف سمت سے آئی ایک تیز رفتار کار نے اسے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور بعد ازاں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔مہلوک نوجوان کے والد خواجہ معین الدین نے بتایا کہ ان کا بیٹا معز الدین گذشتہ سال ستمبر میں حیدرآباد آیا تھا اور اس کی شادی ہوئی تھی اور میاں بیوی دونوں امریکہ روانہ ہوگئے تھے انہیں ایک بچہ بھی ہے۔ محمد معز الدین کی موت کی اطلاع کے بعد ان کے مکان میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مہلوک نوجوان کے والد نے مرکزی وزارت خارجہ اور امریکی قونصل خانہ سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں اپنے بیٹے کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے ایمرجنسی ویزا دینے کی درخواست کی ہے۔