شکاگو میں شدید برفباری ، عام زندگی مفلوج

   

شکاگو : (سید سلیم ) : شکاگو میں شدید برفباری اور سرد ہواؤں کے نتیجہ میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔ درجہ حرارت منفی 23 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ گذشتہ تین دن سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں راستوں پر برف کے ٹیلے اور شاہراہیں منجمد ہوگئی ہیں ۔ اتوار کے باوجود کئی شاپنگ سنٹرس ، سنیما تھیٹرس اور ضروری اشیاء کی دوکانیں سنسان نظر آئیں ۔ یخ بستہ سردی کی وجہ سے پانی کی پائپ لائنیں ٹوٹ گئیں ۔ اجتماعات اور شادی بیاہ کے علاوہ دیگر تقاریب کو منسوخ کردیا گیا ۔ مساجد میں نمازیوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی ۔ گرجا گھروں میں بھی عبادت نہ ہوسکی ۔ عام طور پر برفباری ڈسمبر میں شروع ہوجاتی تھی لیکن ڈسمبر اور جنوری میں سردی اور برفباری نہیں ہوئی لیکن اس ماہ کے وسط میں خطرناک حد تک برفباری اور سردی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے زندگی کے تمام شعبہ حیات کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور کاروبار ٹھپ ہوگیا ہے ۔ سٹی اور شکاگو اور دیگر مضافاتی علاقوں کے انتظامیہ نے ہنگامی طور پر راستوں سے برفباری کی صفائی کے انتظامات کئے ۔ویلنٹائن ڈے کے موقع پر برفباری سے کئی تقاریب متاثر ہوئیں۔