شکاگو 16 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) شکاگو کے مضافات میں واقع صنعتی علاقہ میں ایک بندوق بردار کی فائرنگ کے نتیجہ میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کئی پولیس عہدیدار زخمی ہوئے ہیں۔ امریکہ میں پیش آنے والا فائرنگ کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے جس میں انسانی جانو ںکا اتلاف ہوا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ الینوئس کے قریب آرورہ مینوفیکچرنگ کامپلکس میں پیشآیا ہے ۔ مقامی پولیس سربراہ نے کہا کہ مشتبہ شخص کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مصروف عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حملہ آور کمپنی کا ملازم ہی سمجھا جا رہا تھا ۔ اسے بعد میں گولی مار دی گئی ۔ اس کی شناخت 45 سالہ گیری مارٹن کی حیثیت سے ہوئی ہے ۔ مقامی پولیس سربراہ کرسٹن زیمن نے کہا کہ پانچ پولیس عہدیداروں کو گولیوں سے زخم آئے ہیں۔ انہیں ہیلی کاپٹرس کی مدد سے شکاگو کے ٹراما سنٹرس کو منتقل کیا گیا ہے ۔ زیمن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دوسرے پولیس عہدیداروں نے عمارت کے اندر متاثرین کا پتہ چلایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس نے ابھی متاثرین کی شناخت یا پھر زخمی عہدیداروں کی حالت کی تفصیل نہیں بتائی ہے ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ اس حملہ کی وجوہات کا انہیں کوئی علم نہیں ہے تاہم عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ ایک ناراض ملازم تھا ۔ عینی شاہدین کے بموجب انہوں نے خود کو ایک قریبی عمارت میں بند کرلیا تھا کیونکہ علاقہ میں کافی فائرنگ ہو رہی تھی ۔