شکر کی اقل ترین قیمت میں دو روپئے اضافہ کا فیصلہ

   

Ferty9 Clinic

فی کیلو 33 روپئے مقرر ، وزارتی گروپ کی جانب سے سفارش
حیدرآباد۔مرکزی حکومت نے شکر کی اقل ترین قیمت میں دو روپئے کے اضافہ کا فیصلہ کیا ہے اور شکر کی اقل ترین قیمت 33 روپئے کیلو مقرر کی گئی ہے۔ شکر کی اقل ترین قیمت میں اضافہ کے سلسلہ میں وزارتی گروپ نے سفارش کی ہے تاکہ 20 ہزار کروڑ کے گنے کے بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ملک میں گنے کی کاشت کرنے والوں سے حاصل کئے گئے گنے کی قیمتوں کی ادائیگی جو اب تک نہیں کی گئی تھی اس اضافہ کے بعد کئے جانے کی توقع ہے کہاجا رہاہے کہ وزارتی گروپ جس کی صدارت مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ کر رہے ہیں نے اس بات کی سفارش کرتے ہوئے مرکزی وزارت فینانس کی جانب سے تیار کردہ حکمت عملی اور منصوبہ کا تذکرہ کیا ۔ملک کی کئی ریاستوں میں شکر کے مل مالکین کو ہونے والے نقصانات کی پابجائی اور ان حالات میں گنے کے کاشتکاروں کو بقایاجات کی ادائیگی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ وزارتی گروپ نے شکر کی اقل ترین قیمتوں میں 2روپئے کے اضافہ کے ذریعہ کاشتکاروں کے بقایاجات جو کہ 20ہزار کروڑ تک پہنچ چکے ہیں ان کی ادائیگی کی حکمت عملی تیارکی ہے۔ وزارتی گروپ میں مرکزی وزیر فینانس مسز نرملا سیتارمن ‘ مسٹر رام ولاس پاسوان‘مسٹر نریندر سنگھ تومر کے علاوہ مسٹر پیوش گوئل شامل ہیں۔ وزارتی گروپ نے وزارتی گروپ نے فوڈ منسٹری کو ہدایت دی کہ وہ شکر کی اقل ترین قیمتوں میں اضافہ کے سلسلہ میں کابینہ کو ایک نوٹ روانہ کریں تاکہ وزارت کی جانب سے روانہ کئے گئے نوٹ پر کابینہ کا فیصلہ ہوسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وزارتی گروپ نے نیتی آیوگ کی نگرانی میں قیمتوں پر قابو رکھنے کے سلسلہ میں ایک ٹاسک فورس کی تشکیل کی بھی تجویز پیش کی ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے سال گذشتہ بھی شکر کی اقل ترین قیمت میں 2 روپئے کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس فیصلہ کے بعد شکر کی ٹھوک قیمت 31 روپئے فی کیلو تک پہونچ گئی تھی اور اب جو 2 روپئے کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے بعد ٹھوک بازار میں شکر کی قیمت 33 روپئے ہوجائے گی ۔ اس فیصلہ کے بعد شکر کی کالا بازاری اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے اقدامات کیلئے بھی ٹاسک فورس کو متحر ک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں مرکزی کابینہ کے فیصلہ ساتھ ہی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوششوں کو روکنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔