شکست سے پارٹی کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں : ریونت ریڈی

   

شکست کی وجوہات کا جائزہ لینے اور جدوجہد میں شدت کا اعلان
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے حضورآباد میں پارٹی کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ مایوس نہ ہوں۔ حضورآباد کے نتیجہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ نتیجہ سے پارٹی کارکنوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی چناؤ کے نتیجہ سے پارٹی کارکنوں اور پارٹی امیدوار وینکٹ کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بی وینکٹ کا بہتر مستقبل ہے۔ کانگریس پارٹی میں وینکٹ اہم قائد کی حیثیت سے اُبھریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نتیجہ کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور نتیجہ سے متعلق تمام تفصیلات اور رپورٹس حاصل کرتے ہوئے جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آنے والے دن کانگریس پارٹی کے ہیں اور عوام کی تائید سے سونیا اماں کا اقتدار ریاست میں واپس آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر مزید شدت کے ساتھ پارٹی جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ حضورآباد کا ضمنی چناؤ مخصوص حالات اور ماحول میں منعقد ہوا ہے۔ کانگریس نے کسی بڑی اکثریت کی امید نہیں کی تھی۔ گزشتہ الیکشن میں حضورآباد میں بی جے پی کو صرف 1600 ووٹ حاصل ہوئے تھے لیکن اس مرتبہ کامیابی حاصل ہوئی۔ ناگر جنا ساگر ضمنی چناؤ میں بی جے پی کا کوئی اتاپتہ نہیں تھا۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ ان کیلئے ہمیشہ کھڑے رہیں گے اور شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شکست اور کامیابی معمول کا عمل ہے اس سے کارکنوں کو حوصلے پست کرنے کی ضرورت نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس میں سینئر قائدین کو کچھ زیادہ ہی آزادی حاصل ہے۔ پارٹی کے اُمور پر داخلی اجلاسوں میں اظہار خیال اور مباحث کی ضرورت ہے۔ میڈیا کے ذریعہ اظہار خیال ٹھیک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر قائدین اور کارکنوں کو وہ ساتھ لیکر آگے بڑھیں گے۔ اسی دوران جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانیکم ٹیگور ایم پی نے ریونت ریڈی و دیگر قائدین کے ساتھ شکست کی وجوہات پر بات چیت کی ۔ مانیکم ٹیگور نے کہا کہ اس مسئلہ پر پارٹی کی پولیٹیکلس افیرس کمیٹی کے اجلاس میں غور کیا جائے گا ۔ یہ اجلاس 3 نومبر کو طلب کیا گیا ہے انہوں نے ضلع کریم نگر سے تعلق رکھنے والے قائدین سے خواہش کی کہ وہ انتخابی مہم سے لے کر نتائج تک تفصیلی رپورٹ پیش کریں ۔ر