شکست قبول، نظریاتی جنگ جاری رہے گی: سدرشن ریڈی

   

نئی دہلی، 9ستمبر (یو این آئی) اپوزیشن انڈیا اتحاد کی طرف سے نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار جسٹس (ریٹائرڈ) بی سدرشن ریڈی نے آج وقار کے ساتھ اپنی شکست کو قبول کیا اور جمہوری عمل پر اپنے پختہ یقین کا اظہار کیا۔ سدرشن ریڈی نائب صدر کے انتخاب میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے اتحاد کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن سے ہار گئے ۔ انہوں نے نتیجے کے اعلان کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا کہ آج ارکانِ پارلیمنٹ نے نائب صدر جمہوریہ ہند کے عہدہ کے انتخاب میں اپنا فیصلہ سنایا ہے ۔میں اپنے عظیم جمہوریہ کی اس جمہوری روایات پر غیر متزلزل یقین کے ساتھ اس نتیجے کو عاجزی سے قبول کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ گرچہ نتیجہ میرے حق میں نہیں آیا، لیکن وہ بڑا مقصد جسے ہم سب نے مل کر آگے بڑھانے کی کوشش کی، وہ کمزور نہیں ہوا ہے ۔ نظریاتی جدوجہد پہلے سے کہیں زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہے گی۔
رادھا کرشنن کے تجربہ سے مدد ملے گی :مرمو
نئی دہلی، 9 ستمبر (یو این آئی) صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے سی پی رادھا کرشنن کو ملک کا نیا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کئی دہائیوں کا بھرپور تجربہ ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرے گا۔
منگل کو نائب صدر کے انتخاب میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار رادھا کرشنن کو کامیاب قرار دیے جانے کے بعد، مرمو نے انہیں مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مرمو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا‘‘سی پی رادھا کرشنن کو نائب صدر جمہوریہ ہند منتخب ہونے پر مبارکباد۔ عوامی زندگی میں آپ کے کئی دہائیوں کا بھرپور تجربہ ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرے گا۔ میں آپ کو ایک کامیاب اور اثر انگیز مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں۔