شکست کے بعداختلافات کی خبریں ہوتی :حفیظ

   

لندن ۔21 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی اور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیم میں اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی ٹیم ہارتی ہے تو اسی طرح کی باتیں شروع کردی جاتی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں حفیظ نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے میچ میں لوگوں کے جذبات بہت زیادہ انتہا پر ہوتے ہیں لیکن ہم میچ میں اچھا نہیں کھیلے، میں بھی پاکستانی ہوں اور شکست کا دکھ مجھے بھی اتنا ہی ہوا جتنا کسی اور پاکستانی کو اور اس بات کو سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس شکست کو تسلیم کر کے اپنی چیزوں کو بہترکرنا ہے، لیکن ہم پر ایسی تنقید نہ کریں کہ جس سے ہم مزید ٹوٹ جائیں، ہم بحیثیت ٹیم برا کھیلے لیکن اس ٹورنمنٹ میں ابھی بھی ہمارے پاس موقع باقی ہے۔ ٹیم میں انتشار اور اختلافات کے حوالے سے خبروں پر حفیظ نے کہا کہ میرے 17سالہ کیریئر میں جب بھی ٹیم ہارتی ہے تو اسی طرح کی باتیں ہوئی ہیں، یہ باتیں ہمیشہ ہار کے بعد ہی سامنے آتی ہیں، جیت کے بعد کیوں نہیں آتیں؟۔