بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کا الزام ، صدرنشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کا بیان
حیدرآباد: 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے مجلسی قائدین کی جانب سے سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور ریونت ریڈی کے خلاف حالیہ قابل اعتراض ریمارکس کی شدید مذمت کی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے اویسی برادرس پر اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے کانگریس قائدین کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ناراضگی کے سبب مجلسی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور حیدرآباد میں کانگریس کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ الیکشن آتے ہی اویسی برادرس بیان بازی پر اتر آتے ہیں۔ انہوں نے پرانے شہر کی ترقی کو نظرانداز کرنے پر مجلس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مجلسی قیادت کسی طرح کی ترقی اور کارکردگی کے ریکارڈ کے بغیر ہی عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجیکٹ کا کیا ہوا۔ تلنگانہ اسمبلی کے آخری اجلاس کے بعد مجلس اور بی آر ایس نے میٹرو ریل پراجیکٹ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی تھی لیکن سنگ بنیاد تک نہیں رکھا گیا۔ کے ٹی راما رائو نے ملک پیٹ میں آئی ٹی ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا اس کے علاوہ پرانے شہر میں کئی سنگ بنیاد رکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پرانے شہر کی ترقی سے زیادہ سنگ بنیاد تقاریب پر رقومات خرچ کئے ہیں۔ مجلسی قائدین کانگریس کی قیادت کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں تاکہ عدم کارکردگی سے عوامی برہمی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسد الدین اویسی اور اکبر الدین اویسی کو سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور ریونت ریڈی پر تنقید کا کوئی حق نہیں ہے۔ مجلس نے کبھی بھی عوام کی بھلائی کے لیے کام نہیں کیا۔ بلکہ مسلم ووٹ تقسیم کرنے کے لیے اپنے امیدوار کھڑے کئے تاکہ بی جے پی کو فائدہ ہو۔ عبداللہ سہیل نے الزام عائد کیا کہ مجلس میں ہمیشہ بڑی پارٹیوں اور ان کے امیدواروں کو بلیک میل کیا ہے۔ اویسی برادرس کے لیے الیکشن دولت حاصل کرنے کا ایک موقع ہے۔ مجلس نے عوام کو جوابداری کے جذبے سے کوئی کام نہیں کیا۔ عبداللہ سہیل نے کہا کہ ریون ریڈی کو بی جے پی کا ایجنٹ کہا جارہا ہے۔ حالانکہ مجلس بی جے پی اور آر ایس ایس کے ایجنٹس کی طرح کام کررہی ہے۔ اے بی وی پی سے سیاسی کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد ریونت ریڈی نے کبھی بھی آر ایس ایس نظریات کی تائید نہیں کی اور خود کو سکیولر نظریات سے وابستہ کرلیا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ اویسی برادرس کو اپنے کیریئر کا مشکل ترین الیکشن سے گزرنا ہوگا۔ کانگریس پارٹی مجلس کے پروپگنڈہ کی پرواہ کئے بغیر پرانے شہر کے عوام کی ترقی اور بھلائی کے لیے کام کرے گی۔