گجویل میں عوام کے سی آر کے خلاف، کانگریس سے خفیہ مفاہمت
حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس حقیقت کو تسلیم کرلیں کہ بی آر ایس اور کانگریس دونوں ایک ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ بی جے پی کو روکنے کیلئے دونوں پارٹیوں نے اتحاد کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجویل میں عوام نے کے سی آر پر بھروسہ کرتے ہوئے ووٹ دیا تھا لیکن عوامی اراضیات کو چھین لیا گیا ہے۔ دلتوں کو 3 ایکر اراضی فراہم کرنے کا وعدہ بھلادیا گیا۔ راجندر نے کہا کہ وہ گجویل کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ کے سی آر کو شکست سے دوچار کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سابق میں کہہ چکے ہیں کہ گجویل سے الیکشن لڑیں گے۔ راجندر نے کہا کہ گجویل کے عوام اس مرتبہ اعلان کررہے ہیں کہ وہ کے سی آر کو ہرگز ووٹ نہیں دیں گے۔ گجویل سے شکست کے خوف کے نتیجہ میں کے سی آر کاماریڈی چلے گئے اور دونوں حلقہ جات سے مقابلہ کا فیصلہ کیا۔ راجندر نے کہا کہ بی آر ایس کے 30 تا 40 سیٹنگ ارکان اسمبلی کو ٹکٹ سے محرومی کا خطرہ تھا لیکن ناراضگی کے خوف سے 115 امیدواروں کی فہرست جاری کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹرس کو الاٹ کی گئی رقومات سرکاری دعوتوں پر خرچ کی جارہی ہیں۔ راجندر نے کہا کہ کانگریس سے کامیاب19 ارکان اسمبلی میں سے 12 کو کے سی آر نے بی آر ایس میں شامل کرلیا۔ آئندہ الیکشن میں بھی ضرورت پڑنے پر کانگریس ارکان اسمبلی بی آر ایس کی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 119 اسمبلی حلقہ جات میں بی جے پی کے گراف میں اضافہ ہوا ہے۔