شکست کے خوف سے بی جے پی قائدین اور کارکنوں پر حملے

   

بی جے پی انچارج ترون چگ کا الزام، تلنگانہ میں کے سی آر کا زوال یقینی

حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ شکست کے خوف سے ٹی آر ایس حکومت بی جے پی کارکنوں اور قائدین پر حملے کررہی ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی امور کے انچارج ترون چگ نے نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی قائدین پر حالیہ عرصہ میں حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ بی جے پی کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ٹی آر ایس قیادت نے تشدد کے ذریعہ بی جے پی کو کمزورکرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ ترون چگ نے کہاکہ کے سی آر کو قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کی تیاری کی طاقت نہیں ہے۔ آنے والے چناؤ میں عوام ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔ اسی دوران ریاستی صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ کے سی آر کے خاندانی اقتدار اور کرپشن کے خلاف بی جے پی طویل عرصہ سے جدوجہد کررہی ہے۔ کے سی آر تلنگانہ میں بی جے پی کو کمزور کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ ریاست میں بے روزگار نوجوانوں اور کسانوں کی خودکشی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کے غداروں کو کابینہ میں جگہ دی ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ حکومت کی جانب سے میڈیا کو دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے خلاف کے سی آر کے بیانات کو بوکھلاہٹ کا نتیجہ قرار دیا۔ر