عادل آباد سے عالم پور تک گلابی سپاہیوں کا جنگی جذبہ قابل ستائش
حیدرآباد۔11فروری(سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ریاست میں بلدی انتخابات کے دوران پیش آئے واقعات پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ ایکس پر پارٹی کارکنوں کی ستائش کرتے ہوئے حکمران کانگریس پر شدید تنقید کی، کے ٹی آر نے کہا کہ وہ تمام گلابی سپاہیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے کانگریس کی غنڈہ گردی، انتشار اور مبینہ مظالم کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ عادل آباد سے عالم پور تک بلدی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔ انہوںنے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا کہانہوں نے اپنے دو سالہ دور اقتدار میں انتظامی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے انتخابات میں طاقت کا غلط استعمال کیا۔ شکست کے خوف سے کانگریس نے انتخابی عمل میں دباؤ اور تشدد کا سہارا لیا، پھر بھی کانگریس کو مایوسی ہوگی، بلدیاتی اداروں پر گلابی پرچم لہرائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں ہزاروں کروڑ کی لوٹی گئی عوامی رقم کا انتخابات میں بیجا استعمال کرتے ہوئے عوامی فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے حکومت کے دباؤ میں کام کرتے ہوئے بی آر ایس کارکنوں اور قائدین کو ہراساں و پریشان کیا ہے اور کانگریس کی غنڈہ گردی کو نظرانداز کیا ہے جس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے۔ تلنگانہ کو بحران کی طرف دھکیلنے کی ذمہ داری ریونت ریڈی پر عائد ہوگی اور عوام مناسب وقت پر اس کا جواب دیں گے۔ 2