شکست کے خوف سے کے سی آر کا کاماریڈی سے مقابلہ: ڈی اروند

   

حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے الزام عائد کیا کہ گجویل میں شکست کے خوف سے چیف منسٹر کے سی آر کاماریڈی سے بھی مقابلہ کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اروند نے کہا کہ بی آر ایس اور مجلس کی دوستی سے تلنگانہ میں اقلیتوں کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی دور حکومت میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں میں بی جے پی کے حق میں رائے دہی کا اضافہ ہوگا۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے مشورہ دیا کہ اگر مسلمان بی جے پی کو ووٹ دینے کیلئے آمادہ نہیں ہیں تو انہیں چاہیئے کہ ’ نوٹا‘ کا بٹن دبائیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے مسلمانوں کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا ہے۔ انہوں نے گذشتہ 70 برسوں میں کانگریس کی جانب سے مسلمانوں کے ووٹوں کے استعمال کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ بینک کی سیاست سے اقلیتوں کا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے پیش قیاسی کی کہ چیف منسٹر کے سی آر کو گجویل اور کاماریڈی دونوں مقامات پر شکست ہوگی۔