شکیب الحسن نے سبکدوشی کا اعلان کردیا

   

کانپور ۔ ٹیم انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کل یہاں کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ سے قبل بنگلہ دیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن نے دو فارمیٹس سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کو فوری طور پر چھوڑ دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ وہ ٹسٹ سے کب سبکدوش ہوں گے۔ شکیب الحسن نے کانپور ٹسٹ میچ سے قبل پریس کانفرنس کی۔ اس دوران شکیب نے اعلان کیا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سے آئندہ ماہ میرپور میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریزکے اختتام پر ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہونے کی خواہش کا اظہارکیا ہے لیکن اگر شکیب الحسن کو اس سیریز میں کھیلنے کے لیے سیکیورٹی فراہم نہیں ملتی ہے توکانپور ٹسٹ میچ ان کے ٹسٹ کیریئرکا آخری میچ ہوگا۔ شکیب الحسن نے کہا میں نے بی سی بی سے میرپور میں اپنا آخری ٹسٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ میں نے یہ بات بی سی بی کو بتائی ہے، وہ مجھ سے متفق ہیں۔ وہ ہر چیزکا بندوبست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ میں بنگلہ دیش جا سکوں۔ اگر ایسا نہ ہوا تو کانپور میں ہندوستان کے خلاف میچ ٹسٹ کرکٹ میں میرا آخری میچ ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی شکیب نے ٹی20 سے بھی سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا آخری میچ کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ورلڈ کپ 2024 میں کھیلا ہے۔ شکیب الحسن کا شمار بنگلہ دیش کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شکیب کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔ وہ بنگلہ دیش کے لیے اب تک 70 ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ اس دوران شکیب الحسن نے 4600 رنز بنائے جس میں 31 نصف سنچریاں اور5 سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ان میچوں میں 242 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ جس میں 19 اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے لیے جملہ 129 ٹی 20 میچز کھیلے۔ ان مقابلوں میں شکیب الحسن نے 2551 رنز بنائے اور 149 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اس کے علاوہ شکیب الحسن نے بنگلہ دیش کے لیے 247 ونڈے میچز بھی کھیلے ہیں۔ جس میں ان کے نام 7570 رنز اور317 وکٹیں ہیں لیکن انہوں نے ون ڈے فارمیٹ کے بارے میں فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا ہے ۔