شکیب الحسن کو قرنطینہ میں اپنی بیٹی کی یاد ستانی لگی

   

نیویارک ۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں قرنطینہ کرنے والے شکیب الحسن کو بیٹی کی یاد ستانے لگی۔بنگلہ دیشی آل راونڈر نے کہا ہے کہ دوری بڑی تکلیف دہ ہے لیکن اپنوں کی صحت و سلامتی کیلیے ایسا کرنا ضروری ہے۔ کورونا وائرس پھیلنے کے بعد مجھے حالات کی نزاکت کا اندازہ تھا، امریکہ پہنچنے کے بعد سیدھا ایک ہوٹل گیا اور14 روز تک قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا،میں نے اہلیہ کو فون پر اپنے فیصلے سے مطلع کردیا۔شکیب نے کہا ہے کہ بیٹی سے نہ مل پانا بڑا ہی تکلیف دہ ہے لیکن خاندان سمیت اپنوں کو محفوظ رکھنے کیلیے میرا الگ رہنا ضروری تھا،انھوں نے کہا کہ میری سب سے درخواست ہے کہ 14روز تک کسی کے گھر میں جانے یا بلانے سے گریز کریں، اس ضمن میں کی جانے والی غفلت کئی لوگوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے،ہمیں اپنا اور دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے اس موذی وائرس کے پھیلاو کو روکنا ہوگا۔کورونا وائرس کی وجہ سے ان دنوں کئی اہم کھلاڑی خود ساختہ تنہائی اختیار کرچکے ہیں۔