ڈھاکہ۔ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم میں واپسی کرنے کے بعد فاسٹ بولر تسکین احمد کو شاندار کارکردگی کے لئے مرکزی معاہدے سے سرفراز کرنے کے لئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی ) پوری طرح تیار ہے ۔وہیں بنگلہ دیش کے اسٹار آل راونڈر شکیب الحسن کرکٹ کے سبھی فارمیٹ کے لئے سینٹرل کانٹریکٹ کی فہرست میں شامل ہوں گے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ بی سی بی ڈائرکٹر سال2021 کے لئے قومی معاہدے میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست کو اگلے ہفتے ہونے والے بورڈ کے آئندہ اجلاس میں منظوری دیں گے ۔26 سالہ تسکین نے اس سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے کے بعد سے ہی اپنی کارکردگی سے سلیکشن پینل کو متاثر کیا ہے ۔ تسکین جو بی سی بی کی سنٹرل کانٹریکٹ کی فہرست 2020 کا حصہ نہیں تھے ، کو ان کی زخمی ہونے اور خراب فارم کی وجہ سے تقریبا تین سال کے لئے درکنارکردیا گیا تھا جبکہ گزشتہ سال جملہ 17 کھلاڑیوں کو بی سی بی کی سینٹرل کانٹریکٹ میں نامزد کیا گیا تھا ۔