ساوتھمپٹن ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس پر بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنے تجربہ کار بیٹسمینوں اور شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کئے۔ نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے شکیب الحسن نے متواتر پانچویں نصف سنچری اسکور کی تاہم یہ کسی قدر سست بیٹنگ کا مظاہرہ رہا کیونکہ شکیب نے 99 گیندوں میں صرف ایک چوکے کی مدد سے 51 رنز اسکور کئے لیکن وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم نے 87 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 83 رنز بنائے۔ دیگر بیٹسمینوں میں تمیم اقبال نے 36، لیٹن داس نے 16 اور لوور آرڈر میں محموداللہ نے 27 کے علاوہ مصدق حسین نے 35 رنز اسکور کئے۔ افغانستان کیلئے مجیب الرحمن نے 39 رنز کے عوض 3 جبکہ گلبدین نائب نے 56 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔