شکیب اور مستفیض کو آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت نہیں

   

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے اسٹار آل راونڈر شکیب الحسن اور مستفیض الرحمن کو آئی پی ایل کے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے باقی کے مقابلوں میں شرکت کیلئے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نجم الحسن نے یہ بات کہی ہے۔ بائیں ہاتھ کے آل راونڈر شکیب الحسن اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمن بالترتیب کولکتہ نائیٹ رائیڈر اور راجستھان رائلس کی نمائندگی کررہے ہیں جبکہ ہندوستان میں شروع ہونے والے آئی پی ایل 2021ء کو ملک میں بڑھتے کورونا معاملات کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا۔ 4 مئی کو ملتوی ہونے والے اس ٹورنمنٹ کو اب امارات میں 19 ستمبر سے شروع کرنے کا غالب گمان ہے اور اکٹوبر کے دوسرے ہفتے میں یہ ٹورنمنٹ اختتام پذیر ہوگا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا ہیکہ بین الاقوامی ٹورنمنٹس اور دیگر ٹیموں کے ساتھ پہلے سے طئے شدہ معاملات کی وجہ سے مذکورہ کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری نظریں ٹی20 ورلڈ کپ پر مرکوز ہے اور آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ساتھ ہونے والے مقابلوں میں ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کا موجود ہونا ضروری ہے اس لئے اہم کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔