لیڈس ۔6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے اپنی عمدہ کارکردگی سے شائقین کے دل جیتنے کے ساتھ سچن تنڈولکر کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔عالمی نمبر ایک آل راؤنڈر نے ورلڈ کپ کے دوران اپنی شہرت کے ساتھ بھرپور انصاف کرتے ہوئے بہترین بیٹنگ کے علاوہ عمدہ بیٹنگ کا بھی مظاہرہ کیا۔32سالہ آل راؤنڈر نے ورلڈ کپ کے 9 میچوں میں 2 سنچریوں اور5 نصف سنچریوں کی مدد سے 606 رنز بنائے اور10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ شکیب الحسن ورلڈ کپ میں 600 رنز بنانے والے تیسرے بیٹسمین بن گئے ہیں جہاں ان سے قبل یہ اعزاز صرف دو کھلاڑیوں کو حاصل تھا۔آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن نے 2007 ورلڈ کپ میں 659 جبکہ ماسٹر بلاسٹ سچن تنڈولکر نے 2003 ورلڈ کپ میں 673 رنز بنائے تھے۔ شکیب نے اس عمدہ کارکردگی کی بدولت سچن کا ایک ورلڈ ریکارڈ برابر اور دوسراتوڑدیا۔شکیب نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 7 نصف سنچریاں اسکور کیں اور اس طرح تنڈولکر کا یہ منفرد عالمی ریکارڈ برابرکردیا جیساکہ سچن نے 2003 ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ تاہم انہوں نے اس کارکردگی کی بدولت سچن کا ایک عالمی ریکارڈ سے محروم کردیا جو انہوں نے 2003 ورلڈ کپ میں ہی بنایا تھا۔ شکیب نے ورلڈ کپ کے گروپ میچز کے دوران تمام 606 رنز اسکورکئے اور اس طرح وہ کسی بھی ورلڈکپ کے ابتدائی مرحلے کے میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل سچن نے 2003 ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچز میں586 رنز بنائے تھے۔