ساوتھمپٹن۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) شکیب الحسن کی آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی۔ مین آف دی میچ شکیب ورلڈکپ میچ میں نصف سنچری اور 5 وکٹ کی کارکردگی والے دوسرے کرکٹر بن گئے۔بنگلا دیش کی پوائنٹس ٹیبل پر ٹیم سات میچز میں سے تین جیت کر 7 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئی ہے جب کہ افغانستان اپنے ساتوں میچز ہارے ہیں۔ دریں اثنا اسٹار بنگلہ دیشی آل راونڈر شکیب الحسن نے ونڈے ورلڈکپ 1000رنز مکمل کرلیے۔ انہوں نے یہ سنگ میل افغانستان کے خلاف نصف سنچری اننگز کے دوران عبور کیا، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بنگلہ دیشی کرکٹر ہیں۔ شکیب الحسن نے ٹورنمنٹ میں اب تک دو سنچریاں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے سب سے زیادہ 476 رنز بنائے ہیں۔ ساتھ ہی وہ 10وکٹ بھی لے چکے ہیں۔ انہوں نے تین مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈز بھی جیتے ہیں۔ انہوں نے 2007سے اب تک ورلڈ کپ ٹورنمنٹس میں 27 میچز میں 1016 رنز بنائے ہیں جس میں ان کی دو سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں شامل ہیں۔یادر ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل شکیب نے نمبر 3 پربیٹنگ کرنی کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور انہیں یہ مقام دیا بھی گیا ہے۔