چٹگرام۔ ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں ہندوستان کے خلاف اپنے پہلے ٹسٹ کے آغاز کے موقع پر بنگلہ دیش کو کچھ مسائل کی وجہ سے کپتان شکیب الحسن کی دستیابی پر بڑا سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ ڈیلی اسٹار کی ایک رپورٹ کے مطابق شکیب کو پسلیوں اور کندھوں میں کچھ تکلیف اور اکڑن کی وجہ سے چٹاگرام کے ایک ہسپتال لے جایا گیا۔ رپورٹ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ایک ذریعہ کے حوالے سے بتایا گیا کہ انہیں ان عضلات میں کچھ سختی تھی اور وہ معائنہ کے لیے گئے تھے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ شکیب بعد میں اسٹیڈیم واپس آئے اور انہیں سلیکٹرز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن انہوں نے فوری طور پر پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ ان کے منگل کو میچ سے قبل کی پریس کانفرنس میں آنے کی توقع تھی لیکن وہ اس کے بجائے نیٹ میں بیٹنگ سیشن کے لیے گئے جو ٹسٹ سیریز سے پہلے ان کا پہلا نیٹ سیشن تھا۔ان کی جگہ بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ رسل ڈومنگو نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایسا لگتا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کے ارکان میں اس بات پر بحث جاری ہے کہ کیا شکیب اب چہارشنبہ کو شروع ہونے والا پہلا ٹسٹ کھیل سکتے ہیں۔