بودھن بلدیہ کونسل کیلئے صرف ایک اخبار ، اُردو اخبارات کو اشتہارات کی ترسیل بند
بودھن ۔یکم اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلس بلدیہ بودھن کی کونسل میں نصف سے زیادہ تعداد مسلم ارکان بلدیہ کی ہے لیکن موجودہ کونسل برسراقتدار آنے کے بعد اُردو اخبارات منگوانا بند کردیا گیا ۔ مسلسل نمائندگیوں کے بعد بمشکل ایک اخبار منگوایا جارہا ہے جس کا بل بھی مہینوں ادا نہ کرنے کی شکایت موصول ہورہی ہے اور موجودہ کونسل اقتدار میں آنے سے قبل سرکاری اشتہارات ایک تلگو اور ایک اُردو اخبار میں جاری کئے جاتے تھے لیکن کوئی بھی اُردو کے تعلق سے سوال نہ کرنے کی وجہ سے اُردو اخبارات میں اشتہارات کی ترسیل بھی بند ہوگئی ۔ بودھن کے محبان اُردو نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھاکر مسلم ارکان بلدیہ کی کثیرتعداد کا ہی نہیں بلکہ رُکن اسمبلی بودھن کی حیثیت سے مسلسل دو مرتبہ مسلم امیدوار کا انتخاب عمل میں لایا لیکن نہ تو ارکان بلدیہ اور نہ ہی رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر بودھن میں اُردو زبان کی ترقی و ترویج کی جانب توجہ فرماتے ہیں ۔ شاید وہ یہ سمجھتے ہیں کہ محبان اُردو کی مجبوری ہے ! انھیں ہرحال میں اُردو اور مسلمانوں کے حق میں نعرے بلند کرنے والوں کا ہی انتخاب کرنا پڑے گا ۔ اگر قائدین ایسا سوچتے ہیں تو انھیں بہت جلد اپنی سوچ کو بدلنے پر مسلم رائے دہندے مجبور کرسکتے ہیں ۔