شہباز شریف پر امدادی رقم میں خردبرد کا الزام برطانوی اخبار پر مقدمہ

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد ۔ 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک برطانوی روزنامہ نے دعویٰ کیا ہیکہ پاکستان میں اپوزیشن پارٹی پی ایم ایل (این) کے صدر شہباز شریف نے برطانیہ کی جانب سے دی گئی امدادی رقم میں خردبرد کیا ہے جس کی پارٹی نے سخت الفاظ میں یہ کہہ کر تردید کی ہیکہ یہ سب وزیراعظم عمران خان کا کیا دھرا ہے۔ انگریزی اخبار دی میل کے مطابق شہباز شریف نے 2005ء تا 2012ء کے دوران برطانیہ کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کی جانب سے مختلف پراجکٹس کیلئے دی گئی رقومات میں خردبرد کی ہے جس کی پی ایم ایل (این) نے تردید کی ہے۔ پارٹی کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے پارٹی کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی اخبار کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ دوسری طرف شہباز شریف نے کہا ہیکہ وہ اخبار دی میل کے خلاف ایک گمراہ کن اور من گھڑت کہانی شائع کرنے پر مقدمہ دائر کریں گے جس نے شہباز شریف پر برطانوی امدادی رقم میں خردبرد کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ پاکستانی میڈیا میں اس وقت اس خبر کے بڑے چرچے ہیں۔