شہداء کے پسماندگان کو فی کس 5 لاکھ ایکس گریشیا، تلنگانہ کابینہ کا فیصلہ

   

اظہرالدین کی قیادت میں تین رکنی سرکاری وفد کی روانگی، ہر خاندان کے دو افراد کی روانگی،مدینہ منورہ میں تدفین
حیدرآباد ۔ 17۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مدینہ منورہ کے قریب پیش آئے بس سانحہ کے شہداء کے پسماندگان کو فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ مدینہ منورہ میں تدفین کے انتظامات کے سلسلہ میں ہر شہید کے دو افراد خاندان کو مدینہ منورہ لے جانے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کی قیادت میں تین رکنی سرکاری وفد مدینہ منورہ روانہ ہوگا جس میں مجلس کے رکن اسمبلی ماجد حسین اور سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ شامل ہوں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں آج منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں مدینہ منورہ کے قریب سانحہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے معتمرین کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے شہداء کے پسماندگان کو فی کس پانچ لاکھ روپئے کے ایکس گریشیا کا فیصلہ کیا۔ شہداء کی شناخت اور تدفین کے انتظامات کی نگرانی کے لئے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کی قیادت میں تین رکنی وفد مدینہ منورہ پہنچے گا۔ شہداء کی شناخت میں مدد کیلئے ہر شہید کے دو افراد خاندان کو سرکاری خرچ پر مدینہ منورہ لے جایا جائے گا۔ شہداء کی تدفین مدینہ منورہ میں ہوگی۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے کابینہ کو سانحہ کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ مشیر آباد سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے تقریباً 18 ارکان حادثہ کا شکار بس میں سوار تھے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ہیلپ لائین سنٹر کے قیام اور شہداء کے رشتہ داروں کی رہنمائی کیلئے انتظامات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ایکس گریشیا کے علاوہ بھی متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ کابینہ کے تمام ارکان نے سانحہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان میں تعزیت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے وزیر اقلیتی بہبود کو ہدایت دی کہ وہ ہندوستانی سفارتخانہ اور سعودی عرب کے حکام سے ربط قائم کرتے ہوئے شناخت اور تدفین کے انتظامات کریں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی تفصیلات پیش کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گیا ہے۔1