شہرا ور اضلاع میں الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میںبھاری اضافی

   

Ferty9 Clinic

پٹرول اور ڈیزل قیمتوں میں اضافہ کا اثر

حیدرآباد۔25 جولائی (سیاست نیوز) پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب شہر اور اضلاع میں الیکٹرک وہیکل کی مانگ میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور پٹرول کی بجائے ان الیکٹرک وہیکلس کی خریدی پر توجہ دی جانے لگی ہے ۔ الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کئی بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے اپنی گاڑیوں کو شہر میں روشناس کروانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ الیکٹرک وہیکل کی مانگ میں اضافہ صرف کار یا موٹر سیکل تک محدود نہیں ہے بلکہ اب ای۔آٹو رکشا بھی تیزی سے فروخت ہورہے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ فروخت میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ان کی تشہیر میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔ شہر میں گرین نمبر پلیٹ کی گاڑیوں میں اضافہ پر شہری بھی اب استفسار کر رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے سبب ہی الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ الیکٹرک رکشا جو فروخت کئے جا رہے ہیں ان کو درپیش چارجنگ مسائل کو دور کرنے پر مختلف کمپنیوں نے غور کرنا شروع کردیا ہے اور منصوبہ بندی کی جار ہی ہے کہ دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر ای وہیکلس کیلئے چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں۔ فی الحال دونوں شہروں میں چند مقامات پر الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن موجود ہیں اور جو لوگ الیکٹرک موٹر وہیکل خرید رہے ہیں وہ اپنے طور پر چارجنگ پر اکتفاء کر نے لگے ہیں لیکن اب جبکہ الیکٹرک وہیکل کی مانگ میں اضافہ ہو رہاہے تو چارجنگ اسٹیشن کی ضرورت بھی محسوس کی جا رہی ہے ۔ اگر جلد ہی شہر میں چارجنگ اسٹیشن کھول دیئے جاتے ہیں تو ان گاڑیوں کی مانگ میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ آر ٹی اے حکام کے مطابق گذشتہ ایک ماہ میں شہر میں 5000 الیکٹرک وہیکل فروخت ہوئے اس سے ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ جلد ہی شہر اور اضلاع میں فیول گاڑیوں میں کمی آئیگی اور ماحولیات میں بہتری ممکن ہے ۔