بوسیدہ مکانات کو منہدم کرنے کا فیصلہ : کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار
حیدرآباد:شہر حیدرآباد اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود مخدوش عمارتوں کے فوری تخلیہ کو یقینی بنایا جائے اور جو عمارتیں مخدوش ہیں ان کو فوری منہدم کیا جائے۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں جاری مسلسل بارش کو دیکھتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے مخدوش عمارتوں کو فوری منہدم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مخدوش عمارتوں میں رہنے والے مکینوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ جلد از جلد ان عمارتو ںکا تخلیہ کریں بصورت دیگر جی ا یچ ایم سی پولیس کی مدد سے ان عمارتوں کے تخلیہ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی۔مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے 65 مخدوش عمارتوں کو منہدم کیا گیا ہے اور جن عمارتو ںکی نشاندہی کی گئی ہے ان کو منہدم کروایا جانے لگا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں موجود قدیم مخدوش عمارتیں جو قابل مرمت نہیں ہیں ان کا فوری اثر کے ساتھ تخلیہ کروایا جارہا ہے اور مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور جن مکینوں کی جانب سے مخدوش عمارتوں کے تخلیہ سے انکار کیا جا رہاہے ان کے جبری تخلیہ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور جن مکانات کی مرمت ممکن ہے انہیں مرمت کی اجازت دی جانے لگی ہے۔