موسیٰ ندی کوخوبصورت اور ضیاگوڑہ کمیلیکو عصری بنانے کے ٹی آر کا وعدہ
حیدرآباد: ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج شہر حیدرآباد میں تین مقامات پر 1152 ڈبل بیڈروم مکانات کا افتتاح کرتے ہوئے اس کو غریب عوام کیلئے حکومت کی طرف سے دسہرہ کا تحفہ قرار دیا ۔ ترقی اور بہبود کے معاملے میں ریاست تلنگانہ کو مثالی اور قابل فخر ریاست قرار دیا ہے ۔ کے ٹی آر نے ضیا گوڑہ میں 840 ، گھوڑے کی قبر میں 192 اور کٹل منڈی میں 120 ڈبل بیڈروم مکانات غریب عوام میں تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو ، میئر حیدرآباد بی رام موہن کے علاوہ ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس کے علاوہ عہدیدار بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں غریب عوام کیلئیحکومت کی جانب سے مفت ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ 18ہزار کروڑ روپئے کے مصارف سے ریاست میں 2لاکھ 75ہزار ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر گھر بھی تعمیر کررہے ہیں اور لڑکیوں کی شادیاں بھی کروارہے ہیں۔ غریب عوام کی معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے حکومت ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کررہی ہے ۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے ذریعہ غریب و مستحق لڑکیوں کی شادیاں انجام دی جارہی ہیں ۔ شادیوں کی انجام دہی کیلئے فی کس ایک لاکھ 16ہزار روپئے کا معاوضہ ادا کیا جارہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈروم تعمیر کئے جارہے ہیں ۔