حیدرآباد: مئیر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)جی وجئے لکشمی نے شہریان حیدرآباد سے خواہش کی ہے کہ وہ پٹناپرگتی(شہروں کی ترقی)پروگرام کا حصہ بنیں۔انہوں نے اس خصوص میں کئے گئے ٹوئیٹ میں کہا کہ مل کر ہم حیدرآباد کو صاف کرسکتے ہیں۔وجئے لکشمی نے ایک ویڈیو بھی جاری کیا۔ایک منٹ 37سکنڈ کے اس ویڈیو جس کواب تک کئی افراد نے دیکھا ہے میں وجئے لکشمی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ گاوں اور شہر میں کوئی فرق کئے بغیر ریاست کے تمام علاقوں میں سرسبزی وشادابی میں اضافہ سمیت سینی ٹیشن کے لئے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے پٹنا پرگتی پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔پٹنا پرگتی (شہروں کی ترقی)پروگرام کے حصہ کے طورپر دس دنوں تک گریٹرحیدرآباد میں کئی پروگرام منعقدکئے جارہے ہیں۔اس پروگرام میں شجرکاری،کچرے کی صفائی،سڑکوں کے کنارے ملبہ کی نکاسی،مچھروں کے خاتمہ کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس پروگرام میں جی ایچ ایم سی کی 900ٹیمیں تیار ہیں۔اس پروگرام میں عوام کی شراکت سے اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے ۔