شہرکے مضافات میں رئیل اسٹیٹ عروج پر

   

رہائشی اپارٹمنٹس کی تعمیرات زور و شور سے جاری، آئی ٹی کمپنیوں سے طلب میں اضافہ
حیدرآباد ۔28اگست ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں ان دنوں رئیل اسٹیٹ کی تجارت کافی عروج پر پہنچ گئی ہے ۔ اس کی اصل وجہ آئی ٹی ہب ہے ۔ ذرائع کے مطابق گچی باؤلی ، کنڈاپور اور مادھا پور میں ان دنوں سرمایہ کاروں کی بھرپور توجہ مرکوز ہے ،جہاں کروڑہا روپیوں کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے ۔ جب ان علاقوں میں انفارمیشن ٹکنالوجی کی راتوں رات ترقی کے باعث لوگوں کیلئے پسندیدہ مقامات میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔ گنڈی پیٹ ، شنکر پلی ، مہیشورم ،شمس آباد ، قطب اللہ پور ، ابراہیم پٹنم اور شادنگر جیسے مقامات بھی عوام کے مرکز توجہ بنے ہوئے ہیں جہاں آئے دن فلک شگاف عمارتوں کی تعمیر زور و شور سے جاری ہے ۔ جون 2019ء کے اختتام تک یہاں کی اراضیات کی کافی مانگ ریکارڈ کی گئی ۔ میٹرو شہروں میں شمار حیدرآباد شہر میں رجسٹریشن ریکارڈ تعداد میں عمل میں آئی ہے ۔ تلنگانہ ریراکے تحت نئے رئیل اسٹیٹ پراجکٹس کے رجسٹریشن کے بعد فلیٹ اور مکانات کی طلب میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ ریاست میں 936 منظورہ پراجکٹس میں سے 121 پراجکٹس حیدرآباد میں مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ گچی باولی اور ہائی ٹیک سٹی میں آئی ٹی پروفیشنلس سے عمارتوں کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ کوکٹ پلی ، مادھاپور اور میاں پور جیسے علاقہ جات رہائشی علاقوں کیلئے مناسب سمجھا جارہاہے ، جہاںپر ایک اندازے کے مطابق رہائشی مکانات یا پھر اپارٹمنٹس میں فی اسکوائرفٹ اراضی کی قیمت 5100/-تک جاپہنچی ہے ۔ قابل غور بات یہ ہیکہ اپریل 2019ء میں گنڈی پیٹ علاقہ میں پراپرٹی رجسٹریشن کے ریونیو میں تقریباً صدفیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسری جانب بنجارہ ہلز جیسے علاقہ میںصرف 13فیصد ہی ریکارڈ کیا گیاہے ۔ اس طرح گنڈی پیٹ علاقہ مستقبل میںترقی کی طرف گامزن ہے ۔ یہاں اپارٹمنٹس میں فلیٹس کرایہ داروں کیلئے نہ صرف مناسب سمجھا جارہا ہے جبکہ کرایہ دار بھی پسندیدہ علاقہ تصور کررہے ہیں ۔ کرایہ کی طلب میں چار گنا اضافہ درج کیا گیا ۔ مادھاپور ، نظام پیٹ ، مہدی پٹنم ، گچی باؤلی اور کنڈاپور جیسے علاقوں میں مکانات کی طلب میں ہر سال پانچ فیصداضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ اسی طرح حالیہ دنوں میں آؤٹر رنگ روڈ کے تحت آنے والے علاقہ جات جیسے شنکر پلی تا متنکی روڈ ، شنکر پلی تا کوکہ پیٹ روڈ علاقے بھی عوام کے پسندیدہ بن گئے ہیں ۔ گنڈی پیٹ ، مہیشورم ، شمس آباد ،قطب اللہ پور ، ابراہیم پٹنم اور شاد نگر بھی نئے ابھرتے ہوئے علاقوں میں شامل ہوگئے ہیں ۔ ان علاقوں میں رہائشی مکانات کی طلب میں 5تا 7 فیصد اضافہ کا امکان ہے ۔